منڈگوڈ3؍مئی (ایس او نیوز) گزشتہ گرام پنچایت الیکشن کے موقع پر منڈگوڈ کے کاتور گرام کی رہنے والی گریجا ایرپّا کوربر کو کسی اور ذات کی ہونے کے باوجود بیک ورڈ کلاس (اے) کی ذات کا سرٹفکیٹ جاری کرنے کے لئے جن ریوینیو افسران نے سفارش کی تھی انہیں ریوینیو محکمہ کے چیف سکریٹری کی جانب سے نوٹس جاری کیا گیا ہے۔
جان بوجھ کر غلط ذات کی سرٹفکیٹ کی سفارش کرنے والے ان افسران میں منڈگوڈ ریوینیو محکمہ کے نائب تحصیلدار بی، بی، بھٹ، سیکنڈ کلاس اسسٹنٹ آر بی کرور، اور ولیج اکاؤنٹنٹ گونی بسپّا شامل ہیں۔ ان تینوں کودئے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ گریجا ایرپا کوربر نے اپنے اسکول سرٹفکیٹ کے ذات والے کالم میں رد وبدل کیا تھا۔ اس کے باوجود اس کے دستاویز ات کا بغور معائنہ کیے بغیر انہوں نے بیک ورڈ کلاس (اے) کی ذات کاسرٹفکیٹ جاری کرنے کی جو سفارش کی ہے اس سے ان کی بے پروائی اور غیر ذمہ داری ثابت ہوتی ہے ۔اس لئے نوٹس ملنے کے پندرہ دن کے اندر وہ لوگ ضلع ڈی سی کے روبرو شخصی طورپرحاضر ہوں اور اس معاملے میں اپنا موقف تحریری طور پر پیش کریں۔